Official Web

نائلہ کیانی مناسلوسر کرنیوالی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما بن گئیں

لاہور :  پاکستانی خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی نے ایک بار پھر تاریخ رقم کردی ، نائلہ 8 ہزار 163 میٹر بلند مناسلو سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئیں۔

نیپال میں واقع ماؤنٹ مناسلو دنیا کی آٹھویں بلند چوٹی ہے، نائلہ نے گزشتہ شام چھ بجے کیمپ ٹو سے سمٹ کی جانب پیش قدمی شروع کی تھی اور آج صبح سوا سات  بجے مناسلو کے ٹاپ پر پہنچیں۔

نائلہ کیانی 8 ہزار میٹر سے بلند 9 چوٹیاں سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں، نائلہ اس سے قبل ماؤنٹ ایوریسٹ، کے ٹو، نانگا پربت، جی ون، جی ٹو، اناپورنا، لوٹسے اور براڈ پیک سر کرچکی ہیں۔

نانگا پربت، جی ون، جی ٹو، اناپورنا، لوٹسے اور براڈ پیک کے ٹاپ پر بھی جانے والی نائلہ پہلی پاکستانی خاتون تھیں۔

نائلہ اس سیزن میں چین کی چوایو اور شیشاپنگما بھی سر کریں گی، نائلہ کیانی 8 ہزار میٹر سے بلند تمام 14 چوٹیاں سر کرنے کا عزم رکھتی ہیں۔

نائلہ کیانی کا تعلق صوبہ پنجاب میں راولپنڈی کی تحصیل  گوجر خان سے ہے، انھوں نے ایرو سپیس انجینئرنگ کی تعلیم برطانیہ سے حاصل کر کے اپنے اس شعبے میں بھی کام کر رکھا ہے ۔

واضح رہے کہ  گزشتہ روز پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف نے بھی دوسری مرتبہ دنیا کی آٹھویں بلند ترین چوٹی ماؤنٹ مناسلو کو سر کیا ہے ۔

اس سے قبل پاکستان کے ساجد سدپارہ نے گزشتہ سال مناسلو کے حقیقی سمٹ کو سر کیا تھا۔