کراچی : ملک کے مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات کے دوران پانچ افراد جاں بحق جبکہ دو شدید زخمی ہیں ۔
پنجاب کے ضلع بھکر کے علاقے قائدآباد میں آدھی کوٹ واپڈا کالونی کے قریب تیز رفتار بس نے کار کو کچل دیا ،حادثے میں کار سوار 3 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ دو شدید زخمی ہوئے ہیں ۔
ریسکیو 1122 حکام کے مطابق کار بھکر سے بھلوال جبکہ بس لاہور سے بھکر جا رہی تھی کہ حادثے کا شکار ہوگئی۔
ریسکیو نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا ہے ۔
ایک اور حادثہ حیدرآباد میں ہالا ناکہ کے قریب قومی شاہراہ پر پیش آیا ہے جہاں ٹرک کی موٹرسائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں دو نوجوان جان کی بازی ہار گئے ۔
پولیس کے مطابق جاں بحق نوجوان نجی یونیورسٹی کے طالب علم تھے ، پولیس کی جانب سے لاشیں ضروری کارروائی کیلئے سول ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں ۔