Official Web

منشیات اسمگلنگ کیخلاف کریک ڈاؤن، 152 کلو ہیروئن اور چرس برآمد

اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن  کرتے ہوئے 7 کارروائیوں میں 152 کلو منشیات برآمد کرکے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

اے این ایف کے مطابق موٹر وے ٹول پلازہ کالا شاہ کاکو کے قریب کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کے خفیہ خانوں سے 21 کلو 600 گرام افیون برآمد کرکے مردان کے رہائشی ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

کالا شاہ کاکو کے قریب ایک اور کارروائی میں گاڑی سے  10 کلو ہیروئن برآمد کی گئی، برآمدہ ہیروئین گاڑی کے ٹائر (سٹپنی) میں چھپائی گئی تھی اور  بنوں کے رہائشی 2 ملزمان کو موقع پر گرفتار کیا گیا۔

 

ترجمان کے مطابق لاہور میں واقع کوریئر آفس میں پارسل سے ہیروئن برآمد کر لی، 500 گرام ہیروئن بیڈ شیٹ میں چھپا کر بحرین اسمگل کی جا رہی تھی۔

ادھر کیچ اور گوادر میں 2 کارروائیوں میں اسمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 100 کلوگرام چرس برآمد کی گئی جبکہ باجوڑ اور خیبر کے قریب 2 کارروائیوں کے دوران چھپائی گئی 20 کلو 500 گرام چرس برآمد کی گئی۔

اے این ایف ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مذید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

%d bloggers like this: