Official Web

ویتنام: 10 منزلہ عمارت میں خوفناک آتشزدگی ، 30 افراد ہلاک

ہنوئی:  ویتنام کے ایک رہائشی اپارٹمنٹ میں لگنے والی آگ میں 3 بچوں سمیت 30 افراد بری طرح جھلس کر ہلاک ہوگئے جبکہ 20 شدید زخمی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ویتنام کی کثیرالمنزلہ رہائشی عمارت کی پہلی منزل پر واقع پارکنگ میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی جہاں درجنوں موٹرسائیکلیں جل کر خاکستر ہوگئیں، پارکنگ ایریا میں لگنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے دوسری اور تیسری منزل کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

امدادی کاموں کے دوران آگ میں پھنسے 70 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا جبکہ 54 افراد کو ہسپتال منتقل کردیاگیا جہاں 30 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے ۔

اس حوالے سے ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہلاکتیں بری طرح جھلس جانے اور دم گھٹنے کے باعث ہوئی ہیں، 20 زخمیوں میں سے 9 کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

گنجان آباد علاقے میں واقع اس فلیٹ کی بالکونیاں چھوٹی اور لوہے کی گرل سے بند تھیں ، آگ میں پھنسے افراد کے باہر نکلنے کا کوئی راستہ نہیں تھا اور امدادی کاموں میں بھی جگہ کی تنگی رکاوٹ تھی۔

یاد رہے کہ ویتنام میں ہی ایک سال قبل 3 منزلہ بار میں آگ لگنے سے 32 افراد ہلاک اور 17 زخمی ہوگئے تھے۔

%d bloggers like this: