
کراچی : گوادر میں پاک بحریہ کا ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں پاک بحریہ کے 3 افسران اور ایک جوان شہید ہوگئے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ہیلی کاپٹر دوران پرواز ممکنہ فنی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوا۔
ترجمان پاک بحریہ کا بتانا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں پاک بحریہ کے 3 افسران اور ایک جوان نے جام شہادت نوش کیا۔
ترجمان کے مطابق پاک بحریہ کی جانب سے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔
سابق صدر آصف عالی زرداری نے بھی ہیلی کاپٹر حادثے کے نتیجے میں جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف نے حادثہ پر اظہارافسوس کرتے ہوئے کہا اللہ تعالیٰ شہیدوں کے درجات بلند کرے، شہید تو شہید ہوتا ہے، بہت بڑا مقام ہے ان کا، اللہ تعالی لواحقین کو صبر دے۔
مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گوادر میں پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے اور اس کے نتیجے میں ہونے والی شہادتوں پر بے حد افسوس ہوا۔
مریم نواز نے کہا کہ ﷲ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ شہید ہونے والے جوان اور افسروں کے درجات بلند فرمائے، قوم کے یہ بیٹے قوم کا فخر ہیں، اللہ ان کے خاندانوں کو صبرِ جمیل اور اجر عطا فرمائے۔
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے بھی ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا، مسلح افواج کی ملک اور قوم کی خاطر پیش کی جانے والی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔