
اسلام آباد: نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے سپیشل انویسٹمنٹ فسیلی ٹیشن کونسل کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس آج طلب کر لیا ہے۔
ایپکس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کریں گے، اجلاس میں چاروں وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزرا اور آرمی چیف سمیت عسکری حکام بھی شرکت کریں گے، ایپکس کمیٹی سے متعلق نگران وزیر اعظم اور کابینہ کو تعارفی بریفنگ دی جائے گی۔
ایپکس کمیٹی خلیجی ممالک اور چین کی جانب سے ملک میں سرمایہ کاری کے منصوبوں پر غور کرے گی، اس کے علاوہ ایگزیکٹو کمیٹی اور عملدرآمد کمیٹی کی سفارشات بھی ایپکس کمیٹی میں پیش کی جائیں گی۔
یاد رہے سابق حکومت نے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ’’معاشی بحالی‘‘ کی جامع حکمت عملی جاری کی تھی جس کا مقصد اہم شعبوں میں اپنے غیر استعمال شدہ وسائل کو بروئے کار لاکر اور دوست ممالک کی سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھا کر ملکی معیشت کو بحال کرنا ہے۔
واضح رہے گزشتہ مہینے سابق وزیر اعظم کی صدارت میں غیرملکی سرمایہ کاری کے راستے میں رکاوٹیں دور کرنے کیلئے قائم کردہ سپیشل انویسٹمنٹ فسیلی ٹیشن کونسل کے پہلے اجلاس میں آرمی چیف، وزرائے اعلیٰ، وفاقی اور صوبائی وزراء اور اعلیٰ سرکاری حکامِ شریک ہوئے تھے۔