Official Web

جوکووچ نے کارلوس الکاریز سے ومبلڈن کا بدلہ لیتے ہوئے سنسناٹی اوپن کا ٹائٹل جیت لیا

سربیا کے نواک جوکووچ نے اسپین کے نوجوان ٹینس پلیئر کارلوس الکاریز سے ومبلڈن کا بدلہ لیتے ہوئے سنسناٹی اوپن کا ٹائٹل جیت لیا۔

سنسناٹی اوپن کے فائنل میں سربیا کے نواک جوکووچ نے اسپین کے کارلوس الکاریز کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا، الکاریز نے ومبلڈن 2023 کے فائنل میں جوکووچ کو ہرایا تھا۔

سنسناٹی اوپن کے فائنل میں نواک جوکووچ اور ورلڈ نمبر ون کارلوس الکاریز کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔

پہلا سیٹ الکاریز نے سات، پانچ سے جیتا جس کے بعد جوکووچ نےاپنی کلاس دکھائی اور بقیہ دو سیٹ سات چھ اور سات چھ سے جیت کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

جوکووچ اور الکاریز کے درمیان میچ 3 گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہا۔

دوسری جانب ویمنز فائنل میں امریکا کی کوکو گف نے چیک ری پبلک کی کیرولینا میکووا کواسٹریٹ سیٹس میں شکست دیکرفائنل جیت لیا۔

کوکو گف کی جیت کا اسکور چھ تین اور چھ چار رہا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ  اسپین کے نوجوان ٹینس اسٹار کارلوس الکاریز نے ومبلڈن ٹینس کے فائنل میں سربیا کے نوواک جوکووچ کو شکست دیکر اپنے کیریئر کا پہلا گرینڈ سلیم ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

پہلا سیٹ ہارنے کے بعد کارلوس الکاریز نے کھیل میں بہترین واپسی کی اور 5 سیٹس پر مشتمل فائنل میں تین سیٹ جیت کر ٹینس اسٹار جوکووچ کو شکست سے دوچار کیا۔

الکاریز کا کہنا تھا جوکووچ نے مجھے بہت متاثر کیا ہے یہ بہت ہی شاندار کھلاڑی ہیں، میں نے جوکووچ کو ٹینس کھیلتے دیکھ کر ہی ٹینس کھیلنا شروع کی اور آج ان کے خلاف میچ جیت کر بہت ہی اچھا محسوس ہو رہا ہے۔