Official Web

رانی پور میں کمسن ملازمہ کی ہلاکت کے کیس میں نیا موڑ، بچی سے جنسی زیادتی کا بھی خدشہ

خیرپور: رانی پور میں پیر اسد شاہ کی حویلی میں کام کرنے والی کمسن ملازمہ کی تشدد سے ہلاکت کی تحقیقات کے دوران پولیس نے بچی کے ساتھ جنسی زیادتی کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔

ڈی آئی جی سکھر جاوید جسکانی نے  بتایا کہ میڈیکل بورڈ نے فاطمہ پر جسمانی تشدد کی تصدیق کی ہے اور بچی کے ساتھ جنسی زیادتی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

جاوید جسکانی کا کہنا ہے کہ تفتیش میں شامل سابق ایس ایچ او رانی پور، ہیڈ محرر، ڈاکٹر اور کمپاؤڈر کا بھی ریمانڈ لینے کا فیصلہ کیا ہے، ملزمان کو حقائق مسخ کرنے، لاش بغیر پوسٹ مارٹم دفنانے پر نامزد کیا جائے گا۔

ڈی آئی جی جاوید جسکانی کا کہنا ہے کہ حویلی سے تمام بچوں کو فوری ریسکیو کر کے ان کے گھروں کو بھجوانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں جبکہ حویلی میں پولیس کیمپ قائم کر کے تمام مردوں کے ڈی این اے سیمپل لیے جائیں گے۔

 

دوسری جانب کمسن ملازمہ فاطمہ قتل کیس کے مرکزی ملزم اسد شاہ کو خون اور ڈی این اے سیمپل کے لیے گمبٹ اسپتال لایا گیا جہاں ملزم کے خون اور پیشاب کے نمونے لیے گئے۔

یاد رہے کہ ملزم اسد شاہ چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہے جبکہ واقعے میں غفلت برتنے پر ایس ایچ او رانی پور امیر چانگ، ہیڈ محرر محمد خان، ڈاکٹر فتح میمن اور ڈسپنسر امتیاز بھی پولیس تحویل میں ہیں، چاروں افراد کی نااہلی کے باعث بچی کو بنا پوسٹ مارٹم دفنایا گیا تھا۔