
اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست کل اعتراضات کے ساتھ سماعت کیلئے مقرر کر دی۔
رجسٹرار آفس کی جانب سے جاری کی گئی کازلسٹ کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق درخواست پر کل اعتراضات کیساتھ سماعت کریں گے، درخواست میں چیئرمین پی ٹی آئی کی اٹک جیل میں حراست کو غیر قانونی قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں اے کلاس کی سہولیات فراہمی کا حکم دیا جائے، ڈاکٹر فیصل سلطان کو سابق وزیر اعظم کا میڈیکل چیک اپ کرنے کی اجازت دی جائے، چیئرمین پی ٹی آئی کو اپنی فیملی اور وکلاء سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے اسسٹنٹ رجسٹرار ڈائری برانچ نے درخواست پر اعتراضات عائد کئے ہیں، رجسٹرار آفس نے درخواست پر دائرہ اختیار نہ ہونے کا اعتراض کر رکھا ہے اس کے علاوہ وکالت نامہ پر چیئرمین پی ٹی آئی کے دستخط نہ ہونے کا بھی اعتراض عائد ہے۔