Official Web

پاکستان دہشتگردی کیخلاف افغانستان کی صلاحیت بڑھانے کیلئے تیار ہے: ترجمان وزارت خارجہ

اسلام آباد:  وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گرد تنظیموں کا مقابلہ کرنے کے لیے افغانستان کی صلاحیت بڑھانےکے لیے تیار ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے افغانستان سےدہشت گردی کےخطرے سےمتعلق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ریمارکس کی وضاحت کر دی۔

وزارتِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ کے ریمارکس نہ تو نئے ہیں اور نہ ہی غیر معمولی، پاکستان نے ہمیشہ کہا ہےکہ وہ ملکی یا غیر ملکی تمام خطرات کے خلاف اپنے دفاع کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ افغان سر زمین پاکستان کے اندر دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے لانچنگ پیڈ نہ بنے۔

ترجمان کاکہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے افغانستان کے ساتھ بات چیت کی پالیسی کا اعادہ ہے۔

وزارتِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے دونوں ممالک کو مل کر کام کرنا ہوگا۔