Official Web

سائنسدان ہوا سے ماحول دوست بجلی حاصل کرنے میں کامیاب

سائنسدانوں نے مرطوب ہوا سے بجلی بنانے کا طریقہ دریافت کرلیا ہے۔

درحقیقت لگ بھگ ہر قسم کے میٹریل کو استعمال کرکے ایک ایسی ڈیوائس تیار کی جا سکتی ہے جو نمی والی ہوا سے مسلسل بجلی بنا سکتی ہے۔

ابھی یہ پیشرفت کسی عملی ڈیوائس کی شکل تو اختیار نہیں کرسکی مگر سائنسدانوں کو توقع ہے کہ بہت جلد ایسا ممکن ہو جائے گا۔

یونیورسٹی آف میساچوسٹس Amherst کے ماہرین نے اس طریقہ کار کو دریافت کیا جن کے مطابق مرطوب ہوا میں موجود پانی کے ننھے ذرات سے بجلی کا حصول ممکن ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہمارے اردگرد موجود ہوا میں بہت زیادہ مقدار میں بجلی موجود ہوتی ہے۔

ان کہنا تھا کہ ایک بادل کا تصور کریں جس میں پانی کے ذرات کے سوا کچھ نہیں ہوتا، ہر ذرے میں ایک چارج موجود ہوتا ہے اور حالات درست ہوں تو بادل آسمانی بجلی کی ایک لہر پیدا کرتا ہے، ہم نے اسی طریقہ کار کو مدنظر رکھا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کسی بھی قسم کے میٹریل کے ذریعے ہوا سے بجلی حاصل کی جا سکتی ہے بس مخصوص چیزوں کا خیال رکھنا ضروری ہوگا۔

مخصوص چیزوں سے مراد nanopores ہے۔

اس طرح کی ڈیوائس کسی میٹریل کی پتلی تہہ پر مشتمل ہوگی اور ہوا میں موجود پانی کے مالیکیولز nanopores میں آسانی سے داخل ہو کر اوپر سے نیچے کی جانب سفر کریں گے۔

اس سے میٹریل میں تبدیلی آئے گی اور پانی کے مزید مالیکیولز ڈیوائس میں داخل ہونے سے ایک برقی چارج بنے گا۔

یہ بالکل ویسا ہی عمل ہے جیسا آسمانی بجلی بنانے والے بادلوں میں ہوتا ہے، البتہ اس ڈیوائس میں بجلی کی طاقت کم ہوگی جبکہ اسے کسی قسم کی بیٹری میں محفوظ کیا جاسکے گا۔

فی الحال یہ ٹیکنالوجی ابتدائی مراحل میں ہے اور سائنسدان بہت کم مقدار میں بجلی بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

مگر انہیں توقع ہے کہ زیادہ بہتر میٹریل سے وہ اہم پیشرفت کر سکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ خیال بہت سادہ ہے مگر اس سے پہلے یہ دریافت نہیں ہو سکا تھا۔

اب وہ مختلف آب و ہوا والے علاقوں میں ڈیوائسز کی آزمائش کریں گے تاکہ اندازہ ہوسکے کہ کس ماحول میں زیادہ بجلی حاصل ہوتی ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل ایڈوانسڈ میٹریلز میں شائع ہوئے۔