Official Web

قومی ویمن کرکٹر منیبہ علی نے اہم اعزاز اپنے نام کر لیے

کیپ ٹاؤن : ( ویب ڈیسک ) پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی بیٹر منیبہ علی ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز اور ویمنز ورلڈکپ میں پاکستان کی طرف سے سنچری سکور کرنے والی پہلی پلیئر بن گئیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) ویمن ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں آئرلینڈ ویمن ٹیم کے خلاف  منیبہ علی نے تاریخی اننگز کھیلتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سنچری سکور کر کے بڑا اعزاز اپنے نام کیا، انہوں نے 68 گیندوں پر 102 رنز کی شاندار اننگ کھیلی جس میں 14 چوکے بھی شامل تھے۔

آئرلینڈ کے خلاف میچ میں منیبہ علی نے سنچری سکور کر کے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پانچویں سب سے بڑی اننگ کھیلنے کا بھی اعزاز حاصل کیا۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے منیبہ علی کا کہنا تھا کہ سنچری بنانے پر بہت خوش ہوں، پلان کے مطابق بیٹنگ کی، میں اچھی اننگز کے لیے پُر اعتماد تھی، ٹیم آئرلینڈ کے خلاف اچھا سکور کرنے میں کامیاب ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایکسٹرا کور پر کھیلنا میرا پسندیدہ سٹروک ہے، آج میں نے بغیر کسی دباؤ کے اپنی بیٹنگ کو انجوائے کیا جس کی وجہ سے سنچری بنی۔