Official Web

عدالت نے فواد چوہدری کی درخواست ضمانت منظور کرلی

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔

الیکشن کمیشن کے خلاف نفرت پھیلانے سے متعلق کیس میں فواد چوہدری کی جانب سے دائر  درخواست ضمانت بعد ازگرفتاری پر سماعت اسلام آباد کی سیشن عدالت میں ہوئی۔

دوران سماعت تفتیشی افسر نے کیس کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا جبکہ فواد چوہدری کی جانب سے ان کے وکیل بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے۔

ایڈیشنل سیشن جج فیضان گیلانی نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فواد چوہدری کی ضمانت بعد از  گرفتاری کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں 20 ہزار کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدر گیلانی نے فواد چوہدری کی مشروط ضمانت منظور  کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ اس شرط پر ضمانت منظور کر رہا ہوں کہ فواد چوہدری دوبارہ ایسا بیان نہیں دیں گے، پارلیمینٹیرینز کو ایسے بیانات نہیں دینے چاہئیں۔