شمالی کوریا: دارالحکومت میں پانچ روز کیلئے لاک ڈاؤن نافذ

پیانگ یانگ : (ویب ڈیسک ) شمالی کوریا نے دارالحکومت پیانگ یانگ میں پھیلتے سانس کے مرض کی بنا پر پانچ روز کیلئے لاک ڈاؤن نافذ کردیا ۔

شمالی کوریا کی حکومت کی جانب سے جاری بیان میں شہریوں کو اتوار تک گھروں میں محدود رہنے کا کہا گیا ہے جبکہ روزانہ کی بنیاد پر ٹمپریچر چیک کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔

جاری بیان میں اس مرض یا کورونا وبا کے بارے میں براہ راست بات نہیں کی گئی ہے اور نہ ہی یہ بتایا گیا ہے کہ دیگر شہروں میں بھی ایسی کوئی پابندی لگائی گئی ہے یا نہیں ۔

واضح رہے کہ شمالی کوریا نے گزشتہ سال ملک میں کورونا کی تصدیق کی تھی اور اسی سال اگست میں اس پر قابو پانے کا اعلان بھی کیا تھا۔

دوسری جانب شمالی کوریا کے تجارتی پارٹنر اور اتحادی چین میں کورونا پابندیاں نرم ہونے کے بعد کورونا سے اموات اور کیسز میں تشویش ناک اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے ۔