Official Web

صائم صادق کی فلم ’جوائے لینڈ‘ بھارت میں ریلیز کیلئے تیار

کراچی: پاکستان کی آسکرز کیلئے نامزد فلم ’جوائے لینڈ‘ جلد بھارتی سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جوائے لینڈ سنڈینس فلم فیسٹیول میں امریکی پریمیئر کے بعد روایتی تھیٹر ریلیز کے لیے بھارت سمیت دنیا بھر کا سفر کرے گی۔

ایکسپریس  گروپ سے بات کرتے ہوئے جوائے لینڈ کی پروڈکشن ٹیم نے اس خبر کی تصدیق کی ہے کہ فلم دیگر ممالک سمیت بھارت میں بھی نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

ہدایتکار صائم صادق کی فلم جوائے لینڈ ایک دہائی سے زائد عرصے کے بعد پڑوسی ملک بھارت میں نمائش کیلئے پیش کی جانے والی پہلی فلم بن جائے گی۔ اس سے قبل 2011 میں شعیب منصور کی فلم ’بول‘ کو بھارت میں ریلیز کیا گیا تھا۔

اس فلم کی کہانی ایک رقاص نوجوان اور ایک خواجہ سرا کے گرد گھومتی ہے یہ دنوں ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوجاتے ہیں جبکہ لڑکا پہلے ہی شادی شدہ ہوتا ہے، فلم میں علی جونیجو اور علینہ خان نے مرکزی کردار ادا کئے ہیں۔

اداکار و ہدایتکار رض احمد اور نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی فلم کی ایگزیکٹو پروڈیوسرہیں جبکہ جوائے لینڈ کی کاسٹ میں ثانیہ سعید، ثروت گیلانی، رستی فاروق، سلمان پیرزادہ اور سہیل سمیر شامل ہیں۔