Official Web

پولینڈ جرمنی کی اجازت کے بغیر یوکرین کو لیپرڈ 2 ٹینک بھیجنے کیلئے تیار

وارسا : ( ویب ڈیسک ) پولینڈ کے وزیر اعظم میٹیوز موراویکی نے کہا ہے کہ ان کا ملک ان ممالک کا اتحاد بنا رہا ہے جو یوکرین کو جرمن ساختہ لیپرڈ 2 ٹینک جرمنی کی باضابطہ اجازت کے بغیر فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پولینڈ کے وزیر اعظم میٹیوز موراویکی نے پیر کے روز پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ یوکرین کو ٹینکوں کی فراہمی کیلئے پولینڈ جرمنی سے اجازت طلب کرے گا لیکن برلن کی منظوری کا مطالبہ ثانوی اہمیت کا حامل ہے۔

موراویکی نے مزید کہا کہ ہم جرمن حکومت پر ٹینکوں کی فراہمی کے لیے مسلسل دباؤ ڈال رہے ہیں، اس سے قبل انہوں نے کہا تھا کہ پولینڈ کیف کو 14 لیپرڈ 2 ٹینک فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

دوسری جانب جرمن وزیر خارجہ اینالینا بیربوک نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اگر پولینڈ اپنے لیپرڈ 2 ٹینکوں کو یوکرین بھیجنے کی اجازت طلب کرے گا تو ہم اس پر اعتراض نہیں کریں گے۔

واضح رہے کہ یوکرین نے مغرب سے جرمن ساختہ ٹینک فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے جو ان کے بقول روس کو شکست دینے میں ان کی مدد کریں گے۔

یوکرین کے وزیر خارجہ دیمیٹرو کولیبا کا اپنے ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ جرمنی کے پاس بہت سے یوکرینی فوجیوں کی جانیں بچانے کی طاقت ہے۔

خیال رہے کہ لیپرڈ 2 ٹینک خاص طور پر روسی T-90 ٹینکوں کا مقابلہ کرنے کے لیے بنائے گئے تھے جو حالیہ حملوں میں استعمال ہو رہے ہیں۔