Official Web

پی ٹی آئی کے مزید 43 اراکین کے استعفے منظور

 اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے مزید 43اراکین کے استعفے منظور کرلیے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی اراکین کے استعفے منظور کرکے الیکشن کمیشن کو بھجوا دیے، جس کے بعد نوٹیفیکیشن جاری کیے جائیں گے۔

پی ٹی آئی کے منحرف اراکین کے علاوہ صرف 2اراکین قومی اسمبلی میں باقی رہ گئے۔ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے 45اراکین نے استعفے واپس لینے کی درخواست کی تھی جس میں سے 43اراکین کے استعفے منظور ہوگئے۔

ذرائع اسپیکر آفس کے مطابق پی ٹی آئی کے اب تک 123اراکین کے استعفے منظور کیے جا چکے ہیں، دو اراکین کے استعفے ان کی چھٹی کے درخواست کے باعث منظور نہیں کیے گئے۔

الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی اراکین کے استعفے بھی موصول ہوگئے۔

الیکشن کمیشن پی ٹی آئی ارکان کو ڈی نوٹیفائی کرنے سے متعلق آج اجلاس میں فیصلہ کرے گا جبکہ پی ٹی آئی ارکان کی ڈی نوٹیفائی نہ کرنے درخواست کا بھی جائزہ لے گا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی نے پارلیمنٹ ہاؤس بند ہونے کے باعث گزشتہ روز استعفے واپس لینے کے لیے اسپیکر کو ای میلز کی تھیں جبکہ استعفے واپس لینے کے لیے اسپیکر کو خطوط بھی ارسال کیے گئے تھے۔

گزشتہ روز، پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی پہنچے تھے جہاں پارلیمنٹ ہاؤس کا گیٹ بند ملا جس پر معلوم ہوا کہ شارٹ سرکٹ کے باعث پارلیمنٹ ہاؤس 3 روز کے لیے بند ہے۔

پی ٹی آئی اراکین نے احتجاجاً پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر دھرنا دیا، پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ گیٹ بند کرنا ان کی بوکھلاہٹ ظاہر کرتی ہے، عمران خان نے ان کی نیندیں حرام کر دی ہیں۔