Official Web

پی ٹی آئی نے تعزیرات پاکستان میں بغاوت کی دفعہ 124 اے عدالت میں چیلنج کردی

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے تعزیرات پاکستان میں بغاوت کی دفعہ 124A اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنچ کردی۔

پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری نے بیرسٹر ابوذر سلمان خان نیازی کے ذریعے دائر کی گئی درخواست میں بغاوت کی دفعہ 124A غیر قانونی قرار دینے کی استدعا کی ہے۔

شیریں مزاری کی جانب سے درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بغاوت کی دفعہ 124A اظہار رائےکی آزادی سلب کرنے کے لیے استعمال کی جارہی ہے۔ یہ دفعہ آئین پاکستان میں دیے گئے بنیادی حقوق سے متصادم ہے۔ تنقید اور اظہار رائے کو دبانے کے لیے بغاوت کے مقدمات کا سہارا لیا جاتا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کی درخواست میں بغاوت کے  مقدمات کا اندراج روکنے اور بغاوت کے مقدمات پر حکم امتناع جاری کرنے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست میں اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں کے آئی جی پولیس اور چیف سیکرٹری کو فریق بنایا گیا۔