Official Web

پیوٹن کی جوہری معاملات میں بلیک میلنگ پر مغرب کو وارننگ، فوج کو متحرک رہنے کا حکم

ماسکو : روس کے صدر  ولادیمیر  پیوٹن نے مغربی  ملکوں  پر تنقید کرتے ہوئے روسی فوج کو متحرک رہنے کا حکم جاری کر دیا۔

غیر ملکی خبر  رساں ایجنسی کے مطابق  ٹی وی خطاب کے دوران روسی صدر  ولادیمیر  پیوٹن نے کہا کہ مغرب روس کے خلاف نیوکلیئر بلیک میلنگ میں ملوث ہے اور روس کے خلاف جارحیت میں تمام حدیں کراس کر چکا ہے۔

روسی صدر کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس مغرب کو جواب دینے کے لیے بہت سے ہتھیار ہیں اور یہ کوئی جھوٹ نہیں ہے، روس اپنے لوگوں کے دفاع کے لیے تمام وسائل استعمال کرے گا۔

غیر ملکی خبر  رساں ایجنسی کے مطابق صدر پیوٹن نے روسی فوج کو جزوی طور پر متحرک کرنے کا اعلان  کرتے ہوئے کہا کہ مغرب نے یوکرین کے لوگوں کو گولہ باری کا ایندھن بنانے کی کوشش کی لیکن ہمارا مقصد ڈونباس ریجن کو آزاد کرانا ہے۔

پیوٹن کا مزید کہنا تھا کہ مغرب یوکرین اور  روس کے درمیان امن نہیں چاہتا لیکن ہم یوکرین کے علیحدگی پسند علاقوں کے لوگوں کو نہیں چھوڑ سکتے۔