Official Web

’ہر شخص ذمہ دار ہے‘ انوشے اشرف سیلاب متاثرین کی حالت پر شدید مایوس

کراچی: پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ انوشے اشرف نے بلوچستان اور گردو نواح کے سیلاب زدہ علاقوں کی  صورتحال اور متاثرین کی حالت دیکھ کر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انوشے اشرف نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے آر جے ڈینو علی اور موسیقار نتاشا بیگ کے ہمراہ بلوچستان کا دورہ کیا جس کی ویڈیو انہوں نے سوشل میڈیا پر مداحوں کے ساتھ شیئر کی ہے۔

اس ویڈیو میں انوشے اشرف نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ’ہر وہ شخص ذمہ دار ہے جس کے لیے یہ صورتحال ٹھیک ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ’ اس  صوبے کو طویل عرصے سے نظر انداز کیا گیا ہے، اس لئے ہم نے یہاں کا دورہ اولین ترجیح سمجھا، ہم اس کی حقیقت کے بارے میں زیادہ نہیں جانتے‘۔

انوشے اشرف نے لکھا کہ’ جیسا کہ توقع تھی، ہمیں ٹوٹی ہوئی سڑکیں، ڈوبی ہوئی زمینیں، تباہ شدہ پل وغیرہ دیکھ کر دکھ ہوا، مجھے سب سے زیادہ دکھ ان لاتعداد بچوں کو دیکھ کر ہوا جو اپنے بڑوں کی کوتاہی سے متاثرہوئے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے ان کے مستقبل کے لیے کچھ بھی نہیں دیا، ان کے پاس پہننے کے لیے چپل بھی نہیں‘۔


انوشے اشرف نے کہا کہ ’ہم لوگوں نے بحرانات کے ساتھ رہنا سیکھ لیا ہے میں صرف حکومت کو مورد الزام نہیں ٹھہراتی بلکہ میں خود کو بھی ذمہ دار سمجھتی ہوں ہم سب اس کے ذمہ دار ہیں‘۔

انہوں نے واضح کیا کہ آبادی میں اضافے، غربت، بیماری اور خراب صحت کی دیکھ بھال پر ہماری توجہ مرکوز ہونی چاہیے، ہم لوگ اس پر آنکھیں بند کر لیتے ہیں اور وضاحت کرنے کے لیے وجوہات تلاش کرتے ہیں۔

اداکارہ نے حکمرانوں سے سوال کیا کہ ’اگر آپ ان معاملات کو ٹھیک کرنے میں مدد نہیں کر سکتے تو ووٹ کے لیے ان کے پاس کیوں بھاگتے ہیں؟ درحقیقت ہم گہری نیند میں ہیں جبکہ خدا وقتاً فوقتاً آفتیں بھیجتا ہے تاکہ ہم جاگ سکیں‘۔

انوشے اشرف نے  بتایا کہ وہ ایک کمپنی کے ساتھ وہاں گئے تھے جو امدادی سامان تقسیم کر رہی تھی جہا ں انہوں نے مل کر  وڈھ کے گاؤں میں 2 ہزار 500 سے زیادہ راشن بیگ تقسیم کیے۔