Official Web

چین میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 72 ہو گئی

چین کے جنوب مغربی صوبے سیچوان میں دو روز قبل آنے والے زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 72 ہوگئی۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق  صوبہ سیچوان میں زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے اور ہلاکتوں کی تعداد 72  تک پہنچ گئی ہے۔

خبر ایجنسی کی ایک رپورٹ کے مطابق  زلزلے کے نتیجے  میں 259 افراد زخمی ہوئے جبکہ 26 افراد منگل کی رات تک لاپتہ تھے جن کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے۔

خبرایجنسی کا بتانا ہے کہ  زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں سڑکیں مرمت کرکے ٹریفک کے لیے بحال کر دی گئی ہیں۔

 حالیہ زلزلے کو صوبے سیچوان میں 2017 کے بعد سے آنے والا سب سے شدید زلزلہ قرار دیا جا رہا ہے جس نے  متعدد عمارتیں تباہ کر دیں اور بجلی اور پانی کے بنیادی ڈھانچے کے ساتھ ساتھ ٹیلی کمیونیکیشن کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے۔

یاد رہے کہ  سیچوان میں دوروز قبل  6.6 شدت کا زلزلہ آیا تھا، امریکی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلہ زیر  زمین 10 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا، زلزلے سے متعدد مکانات کو نقصان پہنچا اور کئی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی پیش آئے۔