Official Web

پہلا ون ڈے میچ، پاکستان نے نیدرلینڈز کو 16 رنز سے شکست دیدی

روٹرڈیم: (ویب ڈیسک) پاکستان نے پہلے ون ڈے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے میزبان نیدر لینڈز کو صرف 16 رنز سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز میں ایک، صفر کی برتری حاصل کرلی۔

نیدرلینڈز کے شہر روٹرڈیم میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ کے لئے پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت پر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

نیدر لینڈز اننگز

315 رنز ہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم نے سخت مزاحمت کی اور ہدف کے قریب پہنچ کر 8 وکٹ گنوانے کے بعد 298 رنز پر ہمت ہار گئی، اوپننگ بلے باز وکرما جیت سنگھ نے 65 رنز کی اننگز کھیلی، ٹام کوپر بھی 65 سکور بناکر نمایاں رہے، میکس او ڈاؤڈ 1، ویسلی باریسی 2، باس ڈی لی ڈی 16، تیجا نیدامانورو 15، لوگان وان بیک 28 اور ٹم پرینگل صفر پر آؤٹ ہوئے، سکاٹ ایڈورڈز سب سے زیادہ 71 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ ان کے ساتھ آریان ڈٹ بھی بغیر وکٹ گنوائے پویلین لوٹے۔

پاکستان کی جانب سے  حارث رؤف اور نسیم شاہ نے 3،3، محمد وسیم، محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان بیٹنگ

قومی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 314 رنز بنائے، اوپنر فخر زمان نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 1 چھکے اور 12 چوکوں کی مدد سے 109 گیندوں پر 109 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان بابر اعظم 74 سکور بناکر دوسرے نمایاں بیٹر رہے۔

شاداب خان نے 28 گیندوں پر ناقابل شکست 48 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے، علاوہ ازیں امام الحق 2، محمد رضوان 14، خوشدل شاہ 21، محمد نواز 4 سکور بناکر پویلین لوٹے جبکہ آغا سلمان 27 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، باس دی لی ڈی اور لوگان وان بیک نے 2،2 جبکہ ویویان کنگما نے 1 وکٹ حاصل کی۔