Official Web

پلوسی کا دورہ تائیوان: چین نے امریکا سے مختلف معاملات پر روابط معطل کردیے

چین کی جانب سے امریکی اسپیکر نینسی پلوسی کے تائیوان کے دورے پر سخت رد عمل دیتے ہوئے امریکا کے ساتھ فوجی اور ماحولیاتی معاملات میں تعاون کے تعلقات معطل کردیے ہیں۔

چینی وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ امریکی اسپیکر کے تائیوان کے دورے کے رد عمل میں چین کی جانب سے امریکا کے ساتھ عسکری تعاون اور ماحولیاتی تعاون کے تعلقات منقطع کرتے ہوئے امریکی اسپیکر نینسی پلوسی پر پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔

امریکی وفد کی جانب سے تائیوان کے غیر اعلانیہ دورے کے بعد امریکا اور چین کے تعلقات بحران کا شکار ہو گئے ہیں اور امریکا، اس کے اتحادیوں اور چین کے درمیان تناؤ کے پیش نظر خطے میں کسی نئے تنازعے کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔

چین کا کہنا ہے کہ انہوں نے امریکا اور چین کی علاقائی فوجی کمانڈ کے درمیان فون کالز، ڈیفینس میٹنگز، میری ٹائم سیفٹی اور ماحولیاتی تبدیلیوں پربات چیت معطل کر دی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ امریکا کے ساتھ انسداد منشیات، غیرقانونی امیگرنٹس اور ٹرانس نیشنل کرائم میں ملوث شہریوں کے تبادلے کو بھی روک دیا گیا ہے۔

چین کی جانب سے امریکی اسپیکر پر عائد کی جانے والی پابندیوں کی کوئی وضاحت نہیں کی گئی تاہم نینسی پلوسی کی جانب سے تائیوانی دورے کے رد عمل پر ان پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

دوسری جانب امریکی نیشنل سیکیورٹی ترجمان جان کربی نے تصدیق کی ہے کہ امریکا کی جانب سے چینی سفیر کو بلا کر امریکا کی جانب سے چینی اقدامات پر احتجاج ریکارڈ کروایا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ چینی سفیر سے کہا گیا ہے کہ امریکا خطے میں کوئی نیا بحران پیدا کرنا نہیں چاہتا ہے اور چین کی جانب سے تائیوان کے خلاف کیے جانے والے اقدامات پر احتجاج کرتا ہے۔

خیال رہے کہ امریکی اسپیکر نینسی پلوسی کے غیر اعلانیہ تائیوانی دورے کے اگلے روز چین نے آبنائے تائیوان میں سب سے بڑی فوجی مشقیں شروع کر دی تھیں، جس میں فائر کیے جانے والے پانچ میزائل جاپانی حدود میں گرے تھے، جس پر جاپان کی جانب سے بھی چین کے سامنے احتجاج رکارڈ کروایا گیا تھا۔

%d bloggers like this: