Official Web

انسٹاگرام کا ریلز کو نمایاں کرنے کے لیے ویڈیو پوسٹس کو ختم کرنے کا فیصلہ

انسٹاگرام کی جانب سے ٹک ٹاک کا مقابلہ کرنے کے لیے 2020 میں مختصر ویڈیوز کا فیچر ریلز کو متعارف کرایا گیا تھا۔

اب میٹا کی زیرملکیت فوٹو شیئرنگ ایپ کی جانب سے تمام ویڈیو پوسٹس کو ریلز میں بدلنے کی آزمائش کی جارہی ہے۔

کمپنی کی جانب سے بھی تصدیق کی گئی ہے کہ دنیا بھر میں محدود تعداد میں صارفین کے گروپ پر اس تبدیلی کی آزمائش کی جارہی ہے اور اس کا مقصد ایپ میں ویڈیو کو سادہ بنانا ہے۔

میٹا کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ہم اس فیچر کی آزمائش کررہے ہیں تاکہ انسٹاگرام پر ویڈیو تجربے کو بہتر بنایا جاسکے۔

اس سے قبل ایک ٹوئٹر صارف نے اسکرین شاٹ شیئر کیا تھا جس میں ٹیسٹ کا حصہ بننے والے افراد کو بتایا گیا تھا کہ ویڈیو پوسٹس اب ریلز کے طور پر شیئر ہوں گی۔

ابھی یہ واضح نہیں کہ انسٹاگرام کی جانب سے اس تبدیلی کو بڑے پیمانے پر کب تک متعارف کرایا جائے گا۔

اور جب اسے متعارف کرایا جائے گا تو پھر ان ویڈیوز کا کیا ہوگا جو ابھی صارفین پوسٹ کرچکے ہیں۔

اسی طرح ابھی یہ بھی معلوم نہیں کہ کیا اس تبدیلی کے بعد بھی صارفین 10 منٹ کی ویڈیوز پوسٹ کرسکیں گے یا نہیں(ویریفائیڈ اکاؤنٹس 60 منٹ کی ویڈیو بھی پوسٹ کرسکتے ہیں)۔

یہ تبدیلی اس وقت کی جارہی ہے جب کمپنی نے حال ہی میں بتایا تھا کہ انسٹاگرام پر لوگ اپنا 20 فیصد سے زیادہ وقت ریلز پر گزارتے ہیں۔

گزشتہ سال انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے کہا تھا کہ اب یہ ایپ مزید فوٹو شیئرنگ ایپ نہیں رہے گی کیونکہ کمپنی کی جانب سے ویڈیو پر منتقلی کو ترجیح دی جارہی ہے۔

%d bloggers like this: