Official Web

سونی ایکسپیریا 1 آئی وی دنیا کا پہلا حقیقی آپٹیکل زوم لینس والا فون

سونی کا ایک ایسا منفرد نیا اسمارٹ فون متعارف کرایا گیا ہے جس کا ایک فیچر ابھی کسی اور اسمارٹ فون میں نہیں۔

ایکسپیریا 1 آئی وی (4)دنیا کا پہلا اسمارٹ فون ہے جس میں حقیقی آپٹیکل زوم لینس دیا گیا ہے ۔

12 میگا پکسل لینس سے لیس یہ ٹیلی فوٹو کیمرا گزشتہ سال کے ایکسپیریا ون (3) سے بالکل مختلف اور زیادہ متاثر کن ہے جس میں کنٹینوس آپٹیکل زوم کا فیچر موجود ہے۔

یہ کیمرا 85 ملی میٹر سے 125 ملی میٹر تک زوم کرسکتا ہے ۔

اس ٹیلی فوٹو کیمرے میں کنٹینوس آپٹیکل زوم کا فیچر موجود ہے / فوٹو بشکریہ سونی
اس ٹیلی فوٹو کیمرے میں کنٹینوس آپٹیکل زوم کا فیچر موجود ہے / فوٹو بشکریہ سونی

اس سے ہٹ کر بیک کیمرا سیٹ اپ میں 12 میگا پکسل مین اور 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرے بھی موجود ہیں۔

یہ تینوں کیمرے 4K ویڈیو 120 فریم فی سیکنڈ کی رفتار سے ریکارڈ کرسکتے ہیں اور ان سب میں آٹو فوکس، رئیل ٹائم آبجیکٹ ٹریکنگ، آئی اے ایف اور آپٹیکل اسٹیڈی شاٹ جیسے فیچرز موجود ہیں۔

اس کے علاوہ اس سیٹ اپ میں ایک تھری ڈی ٹی او ایف سنسر بھی دیا گیا ہے۔

فرنٹ پر بھی 12 میگا پکسل سیلفی کیمرا موجود ہے جس سے بھی 4K ویڈیو ریکارڈ کی جاسکتی ہے، مگر آٹوفوکس کی سہولت اس کا حصہ نہیں۔

ایکسپیریا 1 آئی وی میں 6.5 انچ کا 4K امولیڈ ڈسپلے 120 ہرٹز ریفریش ریٹ سے لیس ہے جبکہ برائٹس کو گزشتہ ماڈل کے مقابلے میں 50 فیصد بڑھایا گیا ہے۔

فون کے ڈسپلے میں120 ہرٹز ریفریش ریٹ سپورٹ موجود ہے / فوٹو بشکریہ سونی
فون کے ڈسپلے میں120 ہرٹز ریفریش ریٹ سپورٹ موجود ہے / فوٹو بشکریہ سونی

فون کے اندر اسنیپ ڈراگون 8 جنریشن 1 پراسیسر موجود ہے جبکہ 12 جی بی ریم اور 256 سے 512 جی بی اسٹوریج کے آپشن دستیاب ہوں گے۔

اسٹوریج میں مائیکرو ایس ڈی کارڈ سے مزید اضافہ بھی کیا جاسکے گا اور سونی نے ڈیوائس کے لیے اسٹاک اینڈرائیڈ 12 کا انتخاب کیا ہے۔

5000 ایم اے ایچ بیٹری 30 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ ہے اور کمپنی کے مطابق 30 منٹ میں فون کو صفر سے 50 فیصد تک چارج کیا جاسکتا ہے، مگر فون کے ساتھ چارجر نہیں دیا جارہا۔

اور ہاں سونی نے فون کے لیے 3.5 ایم ایم ہیڈفون جیک کو برقرار رکھا ہے جو اب اکثر فلیگ شپ فونز کا حصہ نہیں ہوتا ۔

یہ فون جون 2022 میں مختلف ممالک میں دستیاب ہوگا / فوٹو بشکریہ سونی
یہ فون جون 2022 میں مختلف ممالک میں دستیاب ہوگا / فوٹو بشکریہ سونی

اسی طرح فرنٹ فیسنگ اسٹیریو اسپیکرز کو بھی گزشتہ ماڈل کے مقابلے میں بہتر بنایا گیا ہے جبکہ وائرلیس آڈیو کے لیے نئی بلیو ٹوتھ ایل ای آڈیو ٹیکنالوجی سپورٹ فراہم کی گئی ہے۔

سونی کے دیگر فونز کی طرح یہ بھی واٹر اور ڈسٹ ریزیزٹنٹ فون ہے مگر اسے خریدنے کے لیے خرچہ بھی بہت زیادہ کرنا ہوگا۔

ایکسپیریا 1 آئی وی کو خریدنے کے لیے 1600 ڈالرز (3 لاکھ 2 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) خرچ کرنا ہوں گےاور یہ مختلف ممالک میں جون 2022 سے دستیاب ہوگا۔