Official Web

وزیراعظم سمیت دیگر رہنماؤں کی جاسوسی کرنے پرہسپانوی خفیہ ایجنسی کی سربراہ برطرف

اسپین کی حکومت نے وزیراعظم اور وزرا سمیت کئی اہم سیاستدانوں کے فون کی جاسوسی پر ملکی خفیہ ایجنسی کی خاتون سربراہ پاز ایسٹیبن کو عہدے سے برطرف کردیا۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپین کی خفیہ ایجنسی نیشنل انٹیلی جنس سینٹر (سی این آئی) پر وزیراعظم، وزیردفاع اور دیگر سیاستدانوں کے فون کی پیگاسس کے ذریعے جاسوسی کا الزام ہے۔

گزشتہ ماہ کینیڈا میں قائم انٹرنیٹ اور سائبر سکیورٹی کے نگران ادارے سٹیزن لیب نے انکشاف کیا تھا کہ کاتالونیہ کے 60 علیحدگی پسند رہنماؤں اور ان کے خاندان کے افراد  کی اسرائیلی ٹیکنالوجی کمپنی ‘این ایس او’ کی جانب سے بنائے گئے جاسوسی سافٹ ویئر ‘پیگاسس‘ کے ذریعے جاسوسی کی گئی۔

اس کے علاوہ ہسپانوی حکومت نے وزیراعظم اور وزیردفاع کے فونز کو بھی ‘پیگاسس‘ کے ذریعے نشانہ بنائے جانے کا انکشاف کیا تھا۔

ان انکشافات کے بعد ہسپانوی حکومت پر اتحادیوں کی جانب سے تحقیقات کیلئے شدید دباؤ تھا جبکہ سی این آئی کی خاتون چیف نے پارلیمانی کمیٹی کے سامنے کاتالونیہ کے 18 علیحدگی پسند رہنماؤں کے فون عدالتی اجازت سے ٹیپ کرنے کا اعتراف کیا تھا تاہم حکومت نے اس سے لاتعلقی کا اعلان کیا۔

رپورٹس کے مطابق اب ہسپانوی حکومت نے انٹیلی جنس ادارے کی خاتون سربراہ کو عہدے سے برطرف کردیا ہے۔

پیگاسس کیا ہے اور کیسے کام کرتا ہے؟

خیال رہے کہ گزشتہ سال امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ اور خبر رساں اداروں کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ اسرائیلی کمپنی کے جاسوسی کے سوفٹ وئیر کے ذریعے دنیا بھر میں کم ازکم 50 ہزار افراد کی مبینہ جاسوسی کی گئی جبکہ جاسوسی کا دائرہ کم ازکم 50 ممالک تک پھیلا ہوا تھا۔

اسرائیلی ٹیکنالوجی کمپنی ‘این ایس او’ کی جانب سے بنائے گئے جاسوسی سافٹ ویئر ‘پیگاسس’ ایسا میل ویئر ہے جو آئی فونز اور اینڈرائیڈ فونز دونوں کو متاثر کرتا ہے، یہ جاسوسی سافٹ ویئر موبائل فونز کے کیمرے کی مدد سے میسجز ، تصاویر، ای میلز اور کالز کو ریکارڈ کرلیتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس جاسوسی کے سافٹ ویئر کے ابتدائی ورژن میں ایک لنک صارف کے موبائل میں بھیجا جاتا جس کو اگر صارف کلک کرے تو یہ سافٹ ویئر خاموشی سے موبائل فون میں انسٹال ہوجاتا تھا جس کے بعدصارف کے فون کے خفیہ پاس ورڈ، کالز، میسجز اور ای میلز و غیرہ آسانی سے ہیک کی جاسکتی تھیں۔

اس سافٹ ویئر کی ایک اور خاصیت تھی کہ یہ آپ کے موبائل فون کو 24 گھنٹوں تک جاسوسی کے آلات میں تبدیل کردیتا تھا اس کا مطلب آپ جو بھی اپنے موبائل فون پر کررہے ہونگے یہ سافٹ ویئر آپ کی خفیہ نگرانی کررہا ہوگا۔