Official Web

حج اب 4 لاکھ 90 ہزار میں ہوگا، وفاقی کابینہ نے پالیسی منظور کرلی

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے حج پالیسی کی منظوری دے دی جس کے بعد حج اخراجات میں اضافہ کردیا گیا، حج اب 4 لاکھ 90 ہزار روپے میں ہوگا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں حج پالیسی بھی پیش کی گئی، حج اخراجات میں اضافہ کردیا گیا جس کے بعد اب حج 4 لاکھ 90 ہزار روپے میں ہوگا۔

اس حوالے سے اجلاس کے بعد معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ پریس بریفنگ میں وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ فضائی سفر مہنگا ہونے اور روپے کی قدر میں کمی کے عوامل حج اخراجات میں اضافے کا باعث بنے، اس سال سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو 1 لاکھ 89 ہزار 210 حجاج کا کوٹا دیا گیا ہے، 60 فیصد حجاج سرکاری حج اسکیم سے جب کہ 40 فیصد پرائیویٹ ٹورز آپریٹر کے ذریعے جائیں گے، 70 سال سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں کے لیے 10 ہزار اور اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ایک ہزار افراد کا کوٹا رکھا گیا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حج مہنگا ہوگیا ہے تاہم اخراجات کو ممکنہ حد تک کم کرنے کی کوشش کریں گے، حج اخراجات ساڑھے 5 لاکھ بن رہے تھے، سرکاری حج کوٹا کے مطابق حجاج 4 لاکھ 70 ہزار میں حج کرسکیں گے، شمالی ریجن اور جنوبی ریجن کا سرکاری حج کا خرچہ 4 لاکھ 90 ہزار ہوگا۔

نورالحق قادری نے کہا کہ حج کے عمل کو آسان بنانے کے لیے وزیراعظم نے خصوصی ہدایات دیں، حج کے لیے جلد ملائیشین فنڈز کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے، کوئٹہ سے حجاج کے لیے براہ راست فلائٹس چلائیں گے، گلگت بلتستان کے حجاج کے لیے عارضی حاجی کیمپ لگائیں گے، روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ سے 70 یا 80 ہزار حجاج فائدہ اٹھائیں گے، روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں دیگر شہروں کی شمولیت سے متعلق بات چیت جاری ہے۔

چینی، چاول، دالوں اور گھی پر سبسڈی ہوگی، فردوش عاشق

معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت اشیائے خورونوش پر عوام کو سبسڈی دے گی، یوٹیلیٹی اسٹورز کو پانچ ماہ تک ہر ماہ دو ارب روپے کی سبسڈی دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ سبسڈی گندم، چینی، چاول، دالوں اور گھی کے لیے ہوگی جس کے بعد دالوں اور چاول کی قیمتوں میں 15 سے 20 روپے کمی ہوگی جب کہ 20 کلو گرام آٹا 805 روپے، گھی 175 روپے کلو اور چینی 70 روپے کلو گرام میں خریدی جاسکے گی۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت عوام کو براہ راست ریلیف دینے کے لیے یوتھ اسٹورز کھول رہی ہے، پہلے مرحلے میں یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے تعاون سے دو ہزار یوتھ اسٹورز کھولے جائیں گے ان اسٹورز پر اشیائے خورو نوش سرکاری نرخوں پر دستیاب ہوں گی۔

رمضان سے قبل راشن کارڈ کا اجرا

انہوں نے کہا کہ عوام کے لیے راشن کارڈ کا اجرا کیا جائے گا جو کہ رمضان سے قبل ہوگا اس کارڈ کے ذریعے خریداری پر 25 تا 30 فیصد رعایت دی جائے گی۔

چینی کی درآمد پر عائد پابندی ختم کردی

معاون خصوصی نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے چینی کی درآمد پر عائد پابندی ختم کردی ہے اب نجی کمپنیاں چینی باہر سے منگوا سکتی ہیں تاہم اس پر ڈیوٹی عائد ہے، نجی کمپنیاں ریگولیٹری ڈیوٹی ادا کرکے چینی منگا سکیں گی۔

دو ماہ میں مزید 10 لنگر خانے قائم کریں گے

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے 12 کیش اینڈ کیری اسٹور بھی قائم کیے جارہے ہیں، دو ماہ میں مزید 10 لنگر خانے قائم کریں گے، احساس پروگرام کے تحت 43 ہزار خواتین کو ماہانہ دو ہزار روپے دیے جائیں گے۔

%d bloggers like this: