Official Web

نیوزی لینڈ نے بھارت کو ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کر دیا

ولنگٹن:  نیوزی لینڈ نے ون ڈے سیریز کے آخری میچ میں بھارتی غرور خاک میں ملا کر وائٹ واش کر دیا۔ ولیمسن الیون نے ٹی ٹونٹی سیریز میں وائٹ واش کا بدلہ چکا دیا جبکہ 1989ء کے بعد پہلی مرتبہ انڈیا کو دو طرفہ ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

نیوزی لینڈ ماؤنٹ مونگنئی میں کھیلے گئے میچ میں کے ایل راہول کی سنچری بھی مہمان ٹیم کے کام نہیں آئی۔ تیسرے ون ڈے میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

کے ایل راہول کی سنچری کی بدولت سات وکٹوں کے نقصان پر 296 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔

تاہم بلیک کیپس نے ٹی20 سیریز میں وائٹ واش کا بدلہ لینے کا موقع ضائع نہیں کیا۔ 297 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کے اوپنرز ہنری نکولیس اور مارٹن گپٹل نے ٹیم کو ایک اچھا آغاز فراہم کیا اور دونوں نے بالترتیب 80 اور 66 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس کے بعد کولن ڈی گرینڈہوم نے 28 گیندوں پر 58 رنز کی طوفانی اننگز کھیل کر میزبان ٹیم کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

میزبان ٹیم نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 300 رنز بنا کر میچ اور سیریز جیت لی۔ نیوزی لینڈ نے جب مطلوبہ ہدف حاصل کیا تو اس وقت میچ کی 17 گیندیں باقی تھیں۔

ء1989 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ انڈیا کو دو طرفہ ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ نیوزی لینڈ کے ہاتھوں اسے پہلی مرتبہ سیریز میں شکست ہوئی ہے۔

انڈیا کی جانب سے لیگ سپنر یوزویندرا چاہل نے 47 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل میچ کی پہلی اننگز میں کے ایل راہول نے 122 رنز بنا کر انڈیا کے میچ جیتنے کی امیدوں کو روشن کیا تھا۔ شریاس آئر نے 66 رنز بنا کرراہول کا ساتھ دیا۔ پرتھوی شا اور منیش پانڈے دونوں 40 رنز کا ہندسہ عبور کرنے میں کامیاب ہوئے تاہم ان کے علاہ کوئی اور انڈین بیٹسمین ڈبل فگر میں داخل ہونے میں کامیاب نہ ہو سکا۔

راہول اور منیش پانڈے انڈیا کا سکور تیزی سے آگے بڑھا رہے تھے کہ نیوزی لینڈ کے بولر بینٹ نے راہول کو 112 رنز پر آؤٹ کر دیا اور اگلی ہی گیند پر منیش کو 42 رنز کے سکور پر پویلین کی راہ دکھائی۔ ایچ کے بینٹ نے چار انڈین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

%d bloggers like this: