Official Web

وزیراعظم مان لیں وہ نااہل، نالائق اور سلیکٹڈ ہیں، بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم مان لیں وہ نااہل، نالائق اور سلیکٹڈ ہیں انہیں گھر جانا پڑے گا۔

قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کے دوران چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان کی پوری سیاست کسی آئی ایس آئی چیف کی مہربانی ہے اور جب سے یہ حکومت آئی ہے ہر طبقہ پریشان ہے، مہنگائی نے اس ملک کے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے، سب کو نظر آ رہا ہے جب حکومت آئی تب مہنگائی تھی مگر اب بہت بڑھ گئی ہے، حکومت کے آنے سے بے روزگاری بھی بہت بڑھ گئی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیراعظم کہتا تھا میں قرض نہیں لوں گا، عمران خان کہتے قرض لیا تو خودکشی کر لوں گا، ہم خود کشی کا مطالبہ نہیں کرتے لیکن یہ تو مان لیں کہ آپ غلط تھے، آپ گھر جاؤ تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے، وزیراعظم بتائیں وہ کرپٹ ہیں اس لیے ٹیکس وصول نہیں ہو رہا۔