Official Web

مسلم لیگ (ن) تبدیلی کیلئے کسی سازش کا حصہ نہیں بنے گی، خواجہ آصف

اسلام آباد:  مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور رکن اسمبلی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ان کی جماعت تبدیلی کیلئے کسی سازش کا حصہ نہیں بنے گی۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم انتظار کریں گے کہ موجودہ حکومت کرپشن اور مہنگائی کی وجہ سے رخصت ہو۔ آنے والے کسی کفیل کے ذریعے اس پارلیمنٹ میں نہ پہنچیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں جو لوگ ایوان میں آئیں وہ دھاندلی کی پیداوار نہ ہوں۔ اگر تبدیلی آتی ہے تو کسی سازش کا حصہ نہیں بنیں گے۔ ہم نہ سازش کریں گے اور نہ ہی ڈیل کریں گے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ملکی آئین سربلند ہو۔

لیگی رہنما نے کہا کہ میں نے کچھ مہینے پہلے کہا تھا کہ یہ پہلوان خود اپنے بوجھ سے گرے گا۔ وقت بدل رہا ہے، حالات اوورٹیک کر رہے ہیں۔ آج جو میڈیا مہنگائی کے بین ڈال رہا ہے، یہی اس وقت آٹھ آٹھ گھنٹے ان کو دکھاتا تھا۔ تحریک انصاف کو ووٹ دینے والے بھی آج پچھتا رہے ہیں۔ اس وقت عوامی رائے کا فوکس مہنگائی پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب دھرنے کی سیاست شروع ہوئی تو ہم نے پوری چھٹی دی کہ جو مرضی کر لیں۔ ہماری حکومت میں تحریک انصاف نے استعفے دیے، مگر اس کے اراکین تنخواہیں لے رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا جی اقتدار اور دولت کی ہوس ان حکمرانوں کو لے ڈوبے گی۔ اپوزیشن نے حکومت کا کچھ نہیں بگاڑا، یہ حکمران خود اپنے دشمن ہیں۔ یہ حکومت کس کس چیز کی درستگی کرے گی۔ صرف ایک دن میں 143 ارب روپے کا سٹاک ایکسچینج میں نقصان ہوا۔

خواجہ آصف نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی معیشت کو ڈبونے کے تمام لوازمات پورے ہیں۔ حکومت نے اس ملک کو چینی اور آٹا مافیا کی پناہ گاہ بنا دیا ہے۔ اس وقت بحران سے فائدہ اٹھانے والے حکومت میں ہیں، یا اس کے کفیل ہیں۔ ایف آئی اے نے کچھ ایسے لوگوں کے نام لئے ہیں جن کی وجہ سے سارا بحران پیدا ہوا۔

%d bloggers like this: