Official Web

نالائق سلیکٹڈ وزیراعظم نے ملکی معیشت تباہ کردی ہے، بلاول بھٹو زرداری

کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ نالائق، نااہل اور سلیکٹڈ وزیر اعظم نے ملک کی معیشت کو تباہ کردیا ہے۔

کراچی میں تقریب سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نالائق، نااہل اور سلیکٹڈ وزیراعظم نے ہماری معیشت کو تباہ کردیا ہے،کاروباری برادری اور بیوروکریسی نیب گردی کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہے، ایسے ماحول میں جو حکومت کام کررہی ہے وہ سندھ کی حکومت ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہمارے صوبے کو کئی مسائل کا سامنا ہے، مہنگائی کے سونامی اور ٹیکسوں کے طوفان سے عوام پریشان ہیں۔ مزدوروں کو ان کا حق نہیں دیا جارہا، عوامی مینڈیٹ والی حکومت ہی مسائل کا حل نکال سکتی ہے، پاکستان میں طاقت کا سرچشمہ عوام ہے اور ہم عوامی حکومت بناکر رہیں گے، پیپلز پارٹی نے ہر دور میں مزدور طبقے کی تنخواہوں میں اضافہ کیا، اگر ہمیں معاشی بحران کا مقابلہ کرنا ہے تو سخت محنت کرنا ہوگی، بے روزگاری کا مقابلہ کرنا ہے تو مزدوروں کو نوکریوں سے نکالنے کے بجائے تنخواہیں دینا ہوں گی۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عوام کو امید تھی ان کو ایک کروڑ نوکریاں ملیں گی لیکن آج وہ ناامید ہو چکے، معاشی بحران کا مقابلہ کرنا ہے تو چھوٹے تاجروں کے لیے اسکیم لائی جائے، ارب پتیوں کے لیے بننے والی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کو بند کرنا پڑے گا۔ وزیراعظم سندھ حکومت کو برا بھلا کہتے رہتے ہیں، وہ بتائیں کہ انہوں نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں کتنے مفت علاج کے اسپتال بنائے۔ لاہور میں کتنے انڈرپاسز اور فلائی اوورز کا افتتاح کیا ہے،پنجاب میں شیرشاہ سوری سے پوچھیں کہ ایک سال میں کتنے منصوبوں کا افتتاح کیا، ہم نے بےنظیرانکم سپورٹ پروگرام شروع کیا اور عمران خان اس میں کٹوتی کررہے ہیں۔

%d bloggers like this: