جعلی اکاونٹس کیس: آصف زرداری ریلیف کےمستحق نہیں، نیب کا جواب جمع

اسلام آباد:  جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں نیب نے سابق صدر آصف زرداری کی درخواست ضمانت پر جواب جمع کروا دیا ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آصف زرداری کسی ریلیف کےمستحق نہیں، انھوں نے درخواست ضمانت میں غلط بیانی کی۔ نیب سپریم کورٹ کے حکم پر تحقیقات کر رہے ہے، آصف زرداری کی ضمانت مسترد کی جائے۔

جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، آصف زرداری کی درخواست ضمانت پر نیب نے جواب جمع کروا دیا۔ نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی نے جواب اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرایا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آصف زرداری کسی ریلیف کےمستحق نہیں، انھوں نے درخواست ضمانت میں غلط بیانی کی۔

نیب کے جواب میں مزید کہا گیا ہے کہ آصف زرداری نے دیگر ملزمان سے ملکر نیشنل بینک سے ڈیڑھ ارب قرض لیا، دھوکا دہی سے فرنٹ کمپنی پیرتھینون بنائی اور اثرورسوخ استعمال کرتے ہوئے بینک سے قرض لیا۔ نیب سپریم کورٹ کے حکم پر جعلی بینک اکاؤنٹس کی تحقیقات کر رہا ہے، آصف زرداری کی پارک لین کمپنی میں ضمانت مسترد کی جائے۔