Official Web

ایونٹس منسوخ، بھارت نے پاکستان پر الزام دھر دیا

نئی دہلی: بھارت نے ٹینس ایونٹس کی میزبانی چھننے کا الزام بھی پاکستان پر دھر دیا۔

بھارت کو رواں برس 8 سے 13 اپریل تک جونیئر ڈیوس کپ اور 15 سے 20 اپریل تک فیڈ کپ کی میزبانی کرنا تھی، اس میں پاکستانی ٹیم کو بھی شریک ہونا تھا، بھارت کی جانب سے پلیئرز کو ویزوں کے اجرا میں رکاوٹ کی وجہ سے میزبانی اس سے چھین کر تھائی لینڈ کو دے دی گئی۔

آل انڈیا ٹینس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فضائی حدود بند ہونے کی وجہ سے کچھ ممالک کے کھلاڑیوں کو طویل سفر کرنا پڑتا، اس لیے یہ ایونٹس بنکاک منتقل کردیے گئے۔

دوسری جانب ایک اور آفیشل نے واضح کیا کہ پاکستانی پلیئرز کو ویزے نہ جاری ہونے کی وجہ سے ایونٹس یہاں سے منتقل ہوئے۔

اس بارے میں فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل ہیرونمی چیٹرجی کا موقف یکسر مختلف تھا، انھوں نے کہاکہ فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے ان دونوں ایونٹس کی میزبانی نہیں کر رہے،ملک میں ٹینس ٹورنامنٹس کیلیے فنڈز جمع کرنا بہت ہی مشکل ہے، حکومت نے بھی کسی قسم کے تعاون سے انکار کردیا تھا اس لیے ہم نے خود ہی انٹرنیشنل باڈی کو لکھا کہ ان مقابلوں کو یہاں سے منتقل کردیا جائے۔