Official Web

کرائسٹ چرچ مساجد کا حملہ آوردہشت گرد اورانتہا پسند ہے، وزیراعظم نیوزی لینڈ

کرائسٹ چرچ: وزیراعظم نیوزی لینڈ جیسنڈا آرڈن کا کہنا ہے کہ کرائسٹ چرچ مساجد کا حملہ آوردہشت گرد، مجرم اورانتہا پسند ہے جس کے خلاف قانون کے تحت کارروائی ہوگی۔

سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ کے پہلے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔ وزیراعظم نیوزی لینڈ جیسنڈا آرڈن نے اپنی تقریرکا آغازاسلام وعلیکم سے کرتے ہوئے سانحہ کے متاثرین سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ کرائسٹ چرچ مساجد میں موجود مسلمانوں کودہشت گرد سے بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کرکے جرات اور بہادری کی مثال بننے والے شہید پاکستانی نعیم راشد کو وزیراعظم نیوزی لینڈ نے خراج عقیدت پیش کیا جب کہ اپوزیشن اور حکومتی ارکان نے متاثرین کے سوگ میں ایک منٹ کی خاموشی اختیارکی۔

وزیراعظم نیوزی لینڈ جیسنڈا آرڈن نے پارلیمنٹ کے خصوصی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا حملہ کرنے والے شخص کے خلاف قانون کے تحت کارروائی ہوگی، حملہ آوردہشت گرد، مجرم اورانتہا پسند ہے، آپ مجھے اس کا نام لیتے ہوئے نہیں سنیں گے۔ لواحقین جنازے جہاں بھی لے جانا چاہیں اخراجات حکومت ادا کرے گی، دہشت گرد حملے کی تہہ تک پہنچنے کی کوشش کریں گے جب کہ ملک میں ہائی الرٹ برقرار ہے۔

واضح رہے کہ 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دومساجد میں سفید فارم عیسائی دہشت گرد نے نماز جمعہ کے دوران فائرنگ کرکے 50 مسلمانوں کو شہید کردیاتھا، شہدا میں 9 پاکستانی بھی شامل ہیں۔