Official Web

زخم کی گہرائی اور انفیکشن دکھانے والا انوکھا دستی اسکینر

ٹورانٹو: گہرے ناسور خصوصاً ذیابیطس کے مریضوں کے زخموں کو مندمل کرنے کےلیے پہلے اس کا انفیکشن دور کرنا ضروری ہوتا ہے لیکن اس کے روایتی ٹیسٹ بہت وقت لیتے ہیں تاہم اب ماہرین نے ایسا دستی آلہ بنایا ہے جو ہاتھوں ہاتھ زخموں پر بیکٹیریا، وائرس اور انفیکشن کو آشکار کرکے ماہرین کو خبردار کردیتا ہے۔

’’مالکیولائٹ آئی ایکس‘‘ نامی اس آلے میں انفیکشن چمک دار روشنی (فلوریسنٹ لائٹ) میں دکھائی دیتا ہے مثلاً اگر کسی مریض کے زخم کے کنارے سرخ ہوں تو وہ ایسے بیکٹیریا کو ظاہر کرتے ہیں جن پر کسی جلد کا پیوند کارآمد ثابت نہیں ہوگا اور زخم مزید خراب ہوجائے گا۔ یہ معلومات ڈاکٹروں کےلیے انتہائی مفید ہیں جو مریض کےلیے بروقت اور درست فیصلے میں مدد دیتی ہیں۔

مالیکولائٹ آئی ایکس کی پہلی خوبی یہ ہے یہ زخم کی درست ترین پیمائش فراہم کرتا ہے اور ساتھ ہی گہرائی بھی بتاتا ہے، جلد کی پرتوں اور جراثیم سے خارج ہونے والی خاص قسم کی روشنی کی ویولینتھ (طول موج) سے مختلف جراثیم اور زخم کے حصوں کے درمیان امتیاز کیا جاسکتا ہے۔ اگر آپ کو شک ہے کہ اسپتال کا بستر یا جراحی کا کوئی آلہ جراثیم سے آلودہ ہے تو یہ آلہ اس کی بھی خبر دے سکتا ہے۔

کینیڈا میں واقع جوڈی ڈین ریسرچ اینڈ ٹریٹمنٹ سینٹر کے ڈاکٹروں نے ایک مریض کے بہت دیر سے ٹھیک نہ ہونے والے ناسور کا اس آلے کے ذریعے 8 ہفتے تک علاج کیا تو مریض کو بہت افاقہ ہوا۔

یہ آلہ اندھیرے میں بہتر کام کرتا ہے کیونکہ کمرے کی روشنی اس کے نتائج پر اثرانداز ہوتی ہے۔ اس سے لی گئی تصاویر ایک خاص کیبل کے ذریعے کسی بھی کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ پر منتقل کی جاسکتی ہیں۔